دھرمیندر سوشل میڈیا پر بہت سرگرم رہتے ہیں وہ اپنے شائقین کے ساتھ پرسنل اور پروفیشنل باتیں شیئر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے پرستاروں کے ساتھ ایک خبر شیئر کی ہے کہ وہ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ’ہی مین‘ نامی ایک نیا ریستواں کھول رہے ہیں۔
دھرمیندر نے انسٹاگرام پر اپنے اس نئے ریستواں کی تفصیلات دی ہیں۔ مشہور ’گرم ۔ دھرم‘ ڈھابہ کے بعد دھرمیندر کا یہ دوسرا ریستوراں ہے جسے کرنال ہائی وے پر کھولیں گے۔
دھرمیندر نے بتایا کہ اس ریستوراں کا آغاز 14 فروری یعنی ویلنٹائن ڈے کے دن صبح ساڑھے دس بجے کیا جائے گا۔ کہا جارہا ہے کہ دھرمیندر کے اس ریستوراں کی یہ خصوصیت ہوگی کہ کھیتوں سے راست سامان کھانے کی میزوں پر آئے گا۔
دھرمیندر نے اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ’’پیارے دوستو، میرے ریستوراں ’گرم دھرم ڈھابہ‘ کی کامیابی کے بعد اب میں اعلان کررہا ہوں ، ہم لوگ کھیتوں سے راست کھانے کی میزوں کے طرز والے ریستوراں ’ہی مین‘ کی شروعات کررہے ہیں۔ میں آپ کے پیار اور احترام کا تہہ دل سے شکریہ کرتا ہوں، آپ سب کو بہت سارا پیار، آپ کا دھرم‘‘۔