نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ Delhi High Court نے جمعرات کو بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ کو بڑی راحت دیتے ہوئے سماجی خدمت کرنے کی شرط پر 20 لاکھ روپے کے ہرجانے کو گھٹا کر 2 لاکھ روپے کر دیا۔
جسٹس وپن سانگھی اور جسٹس جسمیت سنگھ کی بنچ نے اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے رضاکارانہ طور پر شادی شدہ خواتین اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی پیشکش قبول کرنے کے بعد ہرجانے کی رقم کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔
اسی کے ساتھ ڈبل بنچ نے سابقہ فیصلے میں اداکارہ کے خلاف جج کے ریمارکس کو حذف کرنے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس قبل ہائی کورت کے جج نے اس معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے جوہی چاولہ کی عرضی کو غیر سنجیدہ اور شہرت حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا تھا اور عدالت کا وقت ضائع کرنے پر 20 لاکھ کا جرمانہ عائد کیا تھا۔
دو رکنی بنچ نے عرضی گزار کی جانب سے سماجی خدمات سے متعلق دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی DSLSA کے ساتھ کام کرنے کی رضامندی کا نوٹس لیتے ہوئے، ہرجانے کی رقم میں کمی کی درخواست منظور کر لی۔
اداکارہ نے راحت کی گزارش سے متعلق درخواست کرتے ہوئے کہا، 'دہلی اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے پروگرامز میں حصہ لے کر خواتین اور بچوں کی مدد کے لیے سماجی خدمت کرنا ان کے لیے فخر کی بات ہوگی۔'
ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے سنگل بنچ کی جانب سے اداکارہ پر عائد 20 لاکھ روپے کے ہرجانے کو کم کر کے 2 لاکھ روپے کر دیا ہے لیکن سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم اداکارہ چاولہ نے 5 جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی کے معاملے کو سرسری طور پر لیا اور اس سلسلے میں پٹیشن دائر کر کے ہائی کورٹ کا قیمتی وقت ضائع کیا۔
واضح رہے کہ اداکارہ نے دہلی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 5 جی ٹیلی کام ٹیکنالوجی ماحول کے لیے نقصان دہ ہے۔
درخواست کی سماعت کرتے ہوئے، ہائی کورٹ نے درخواست کو ’’عدالت کا وقت ضائع کرنے والا قرار دیا تھا اور اس کے لئے اداکارہ چاولہ کو 20 لاکھ روپے ہرجانے کے طور پر جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
اداکارہ نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف ڈبلز بنچ کے سامنے اپیل کی تھی۔ عدالت میں ان کا موقف سابق مرکزی وزیر اور سینئر وکیل سلمان خورشید نے پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لاک ڈاؤن میں جوہی چاولہ نے کسانوں کی کیسے مدد کی؟
جسٹس سانگھی اور جسٹس سنگھ کی بنچ نے 25 جنوری کو اداکارہ کی اپیل پر ہرجانے کی رقم میں کمی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اداکارہ کی مقبولیت کو ’معاشرے کی فلاح‘ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
فلم اداکارہ نے عدالت سے 23 دسمبر کو جلد سماعت کی درخواست کی تھی لیکن ہائی کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت کے لیے 25 جنوری کی تاریخ مقرر کی تھی۔
یو این آئی