بالی ووڈ کے بھائی جان کے لقب سے مشہور اداکار سلمان خان نے کورونا وائرس کے خوف کے پیش نظر 3 سے 12 اپریل تک ہونے والے امریکہ اور کینیڈا کے پروگرام کو ملتوی کر دیا ہے۔
فلم تجزیہ کار ترن آدرش نے جمعہ کے روز ٹویٹ کرکے سلمان خان کے مداحوں کو اس بارے میں جانکاری دی۔
ترن آدرش نے ٹویٹ میں لکھا کہ 3 سے 12 اپریل کو امریکہ اور کینیڈا میں ہونے والے سلمان خان کے پروگرام کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
کووڈ 19 کے وبائی مرض کے تازہ ترین اثرات کو دیکھتے ہوئے سلمان خان نے شمالی امریکہ میں اپنے چند روزہ قیام کرنے کی منصوبے کو ملتوی کر دیا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلنے سے تفریحی صنعت بری طرح متاثر ہو رہی ہے کیونکہ فلم میکرز اپنی حالیہ ریلیز ہونے والی فلموں کی ریلیز تاریخ میں توسیع کرنے پر مجبور ہیں۔ ساتھ میں شوٹنگ اور بیرون ممالک کے سفر کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سلمان خان کی آئندہ فلم رادھے کی شوٹنگ کو روک دیا گیا ہے کیونکہ اس فلم کے آدھی شوٹنگ تھائی لینڈ میں ہونے والی تھی۔
دہلی حکومت نے گزشتہ شام تمام سنیما گھر بند کرنے کے حکم صادر کیے ہیں۔ اس حکم کے آنے کے فورا بعد روہت شیٹی کی سوریہ ونشی پہلی بالی ووڈ فلم بن گئ ہے جس کی ریلیز کی تاریخ میں توسیع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ فلم رواں ماہ کے آخر میں سنیما گھر کی زینت بننے والی تھی۔
بالی ووڈ ہی نہیں بلکہ ہالی ووڈ بھی کورونا وائرس سے متاثر نظر آ رہی ہا۔ بالی ووڈ کی طرح ہالی ووڈ کی کئی دیگر فلموں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
وہیں حکومت نے فوری طور پر کورونا وائرس کے خطرے کے تناظر میں بھارت میں اٹلی، ایران، جنوبی کوریا اور جاپان کے شہریوں کے داخلے کو سخت کردیا ہے۔بھارتی شہریوں کو بھی یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ چین، ایران، کوریا، اٹلی اور دیگر متاثرہ ممالک کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
واضح رہے کہ بھارت میں اب تک کورونا وائرس کے 75 معاملات درج کیے گئے ہیں۔