مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے فعال کیسز میں غیرمعمولی کمی آئی ہے، لیکن اس بیماری کی نئی اسٹرین کے سبب محکمہ صحت کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مغربی بنگال میں انگلینڈ سے آنے والے سینکڑوں لوگوں میں سے اب تک نو افراد میں کورونا وائرس کی نئی اسٹرین کی تصدیق ہو پائی ہے۔
دارالحکومت کولکاتا میں شوٹنگ کے دوران کورونا وائرس کی زد میں آنے والی برطانوی اداکارہ وینیتا سندھو کی طبیعت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج برطانوی اداکارہ میں کورونا وائرس کی نئی اسٹرین کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے
بیلیاگھاٹا آئی ڈی ہسپتال کے ایک سنیر ڈاکٹر نے کہا کہ برطانوی اداکارہ وینیتا سندھو کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ دو چار دنوں میں انہیں ڈسچارج کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ برطانوی اداکارہ وینیتا سندھو میں کورونا وائرس کی نئی اسٹرین نہیں پائی گئی ہے۔انگلینڈ سے ہی کورونا وائرس کی نئی اسٹرین کی شروعات ہوئی ہے لیکن ہر برطانوی شخص کا اس بیماری میں مبتلا ہونا ضروری نہیں ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی اداکارہ وینیتا سندھو اپنی ٹیم کے ساتھ انگلینڈ سے پہلے متحدہ عرب امارات آئی تھی۔متحدہ عرب امارات میں چند ہفتوں تک شوٹنگ کرنے کے بعد کولکاتا آئی۔نیتاجی سبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ کے بعد انہیں کورونا مثبت پایا گیا۔پہلے برطانوی اداکارہ وینیتا سندھو کو راجرہاٹ کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا پھر انہیں کولکاتا کے چترنجن نیشنل میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔
برطانوی اداکارہ وینیتا سندھو فی الحال جنوبی کولکاتا کے مکندپور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔