بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو اکشے کمار اور اداکارہ کریتی سینن اپنی آنے والی ایکشن ڈرامہ فلم بچن پانڈے کی شوٹنگ جلد ہی راجستھان کے جیسلمر میں شروع کرنے والے ہیں۔
بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں کی فہرست میں شامل اکشے کمار شاید پہلے ایسے اداکار ہیں جو کووڈ 19 کی پابندیوں کے ختم ہونے کے بعد اپنے کام پر واپس لوٹ آئے ہیں۔ ان کی جاسوسی فلم 'بیل باٹم' دنیا کی پہلی فلم بن گئی ہے جس نے وبائی مرض کے دوران اس کی شوٹنگ شروع کی اور اسے وقت پر مکمل بھی کیا۔ اداکار نے آنند ایل رائے کی 'اترنگی رے ' کی شوٹنگ شروع کرنے سے پہلے پرتھوی راج کے لیے بھی شوٹنگ کی تھی۔ اب اطلاع کے مطابق اکشے کمار جلد ہی بچن پانڈے کی شوٹنگ شروع کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اکشے اور کریتی کی جوڑی فلم ہاؤس فل 4 میں بھی نظر آئی تھی جس کے بعد اب یہ جوڑی فرہاد سمجی کی ایکشن ڈرامہ فلم بچن پانڈے میں دوبارہ نظر آنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ اداکار کے ساتھ اس فلم میں کام کرنے والے تقریبا 100 افراد آئندہ برس 2021 کے پہلے ہفتے میں شوٹنگ کے لیے راجستھان روانہ ہوں گے۔
اس فلم میں جہاں اکشے کمار ایک گینگسٹر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ وہیں کریتی اس میں بطور صحافی نظر آنے والی ہیں۔ ساتھ میں ان دونوں کے علاوہ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز، ارشد وارثی اور پنکچ ترپاٹھی بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔