بامبے ہائی کورٹ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی ضمانت کی عرضی پر آج سماعت کرے گی۔ واضح رہے کہ منگل کے روز بامبے ہائی کورٹ نے کروز شپ ڈرگ معاملے کے ملزم آرین خان کی ضمانت کی درخواست کی سماعت بدھ تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔
بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملے میں آگے کی سماعت کے لئے ڈھائی بجے کا وقت طے کیا ہے۔ مجسٹریٹ اور سیشن دونوں عدالتوں کی جانب سے آرین کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد آرین نے ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔
آرین کی جانب سے عدالت میں سینیئر وکیل اور سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے منگل کو اپنی دلیلیں پیش کیں۔ گزشتہ سماعت میں انہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ آرین خان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی طبی جانچ میں یہ معلوم ہوپایا ہے کہ انہوں نے منشیات کا استعمال کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ واٹس ایپ چیٹ کا کروز ڈرگ پارٹی معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اس بنیاد پر انہیں جیل میں نہیں رکھا جاسکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ آرین کا این سی پی کے لیڈر نواب ملک کے ذریعہ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے پر لگائے گئے الزامات اور اس تنازعہ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔