معروف و مشہور اداکار رشی کپور کی موت سے پورا بالی ووڈ صدمے میں ہے۔ ان کے انتقال کی اطلاع پر بالی وڈ کے سپر اسٹار امیتابھ بچن نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے ٹویٹ میں جذباتی الفاظ میں لکھا ’’وہ گئے، رشی کپور گئے۔ ابھی ان کا انتقال ہوا۔ میں ٹوٹ گیا ہوں‘‘۔
رشی کپور کے جانے پر امیتابھ کے اس دکھ کو اس طرح بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ دونوں کا رشتہ کافی پرانا تھا اور دونوں نے ایک ساتھ کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا تھا۔
سال 1976 میں آئی فلم کبھی کبھی میں رشی کپور نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کیا تھا۔ یش چوپڑا کی ہدایت میں بنی اس فلم میں رشی کپور کا رول بہت چھوٹا تھا لیکن اسے کافی پسند کیا گیا۔
اس کے بعد انہوں نے 1977 میں من موہن ڈیسائی کی سپر ہٹ فلم ’امر اکبر انتھونی‘ میں امیتابھ کے چھوٹے بھائی اکبر الہ آبادی کا کردار نبھایا تھا جسے کافی مقبولیت حاصل ہوئی۔
اس کے بعد رشی اور امیتابھ نے 1981 میں فلم نصیب، 1983 میں فلم قلی اور 1991 میں فلم عجوبہ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
رشی کپور اور امیتابھ بچن نے تقریبا 27 سال بعد فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کے ذریعے ایک بار پھر سلور اسکرین پر ساتھ واپسی کی۔ اس فلم میں امیتابھ اور رشی کپور دونوں ہی عمر دراز کرداروں میں دکھائے گئے تھے اور رشی کپور نے پہلی بار امیتابھ بچن کے بیٹے کا کردار نبھایا تھا۔ فلم میں امیتابھ اور رشی کے جگلبندی کو خوب پسند کیا گیا اور ناقدین نے اس کی کافی سراہناکی تھی۔