ریاست راجستھان کے شہر الور میں پہلی بار الور انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ پروگرام کا آغاز ہفتہ کے روز مہمان خصوصی وزیر لیبر ٹیکارام جولی نے کیا۔
اس موقع پر متعدد فلم ساز اور مختلف ممالک کے ہدایتکار جن میں ڈسٹرکٹ کلکٹر اندرجیت سنگھ، اے ڈی ایم پرتھم رامشرن شرما اور مختلف سفارتخانوں کے لوگ شریک تھے۔
دو روز تک جاری رہنے والے اس پروگرام میں 70 ممالک کی 400 سے زیادہ فلمیں الور میلے میں مختلف زبانوں میں درج ہوئیں۔ جن میں سے 35 فلموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان فلموں کو 19 مختلف زمروں میں منتخب کیا گیا ہے۔ جس میں تمام زبانوں کی فلمیں شامل ہیں۔
پروگرام آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر فالگن ترپاٹھی نے بتایا کہ پروگرام کے ڈائریکٹر اودھیش راج ونشی ہیں۔ اس سے قبل ہالینڈ میں ایک فلمی میلہ منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد الور میں اس طرح کے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ الور میں پہلی بار بین الاقوامی فلمی میلہ کے انعقاد سے الور سیاحت میں اضافہ متوقع ہے۔ جس کے بعد مقامی اور غیر ملکی سیاح الور آئیں گے۔
فالگن ترپاٹھی نے بتایا کہ اس فیسٹیول کے دوران بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے فلمساز ہدایتکار اور بہت سے فنکار بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ الور میں بہت سی فلموں کی شوٹنگ ہوچکی ہے، الور کی فلم انڈسٹری میں ایک خاص شناخت تھی۔ لیکن یہاں طویل عرصے سے نئی فلموں کی شوٹنگ نہیں ہوسکی ہے۔ جبکہ الور سیاحت کے لحاظ سے کافی خوشحال مقام ہے۔ اس فلمی میلے نے الور کو 70 ممالک میں ایک الگ شناخت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میلے میں آنے والے لوگوں کو الور کے سیاحتی مقامات پر گھمایا جائے گا۔ اس پروگرام کے دوران بہت سارے سیشن بھی منعقد ہوچکے ہیں۔ جس میں آنے والے فنکاروں سے سوالات پوچھنے سمیت بہت سے لیکچرز ہوں گے۔ الور میں دو مقامات پر فلمیں بڑی اسکرین پر دکھائی جارہی ہیں۔