مشہور اداکار اکشے کمار اور سلمان خان کی فلمیں عید کے موقع پر باکس آفس پر ایک ساتھ ریلیز ہونے والی ہیں۔ اکشے کمار کی فلم 'لکشمی بامب' اور سلمان خان کی 'رادھے' اس برس عید کے موقع پر ریلیز ہو رہی ہے۔
جہاں اکشے کی فلم کی شوٹنگ پوری ہوچکی ہے، وہیں سلمان خان کی فلم رادھے کی شوٹنگ اب بھی جاری ہے۔ دونوں کی فلموں کی ریلیز تاریخ ایک ہونے کے سلسلے میں کافی وقت سے تذبذب برقرار ہے۔ اکشے نے اس پر اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اکشے نے سلمان کے ساتھ اپنی فلم کے ریلیز ہونے پر کہا کہ 'ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے، جب ان کی فلم کسی دوسری فلم کے ساتھ ایک ہی تاریخ پر ریلیز ہورہی ہے'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں جانتا ہوں لیکن یہ میرے کیریئر کی یہ پہلی فلم نہیں ہے، جو کسی دوسری فلم کے ساتھ ریلیز ہو رہی ہے اور میں اس بات کو پوری طرح جانتا ہوں کہ یہ آخری بھی نہیں ہوگی'۔
اکشے نے کہا 'ہماری فلم انڈسٹری میں ہر سال کئی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں جن کے لئے جمعہ کم ہوتے ہیں۔ ایسے میں فلمیں کسی نہ کسی کے ساتھ ایک دن پر ریلیز ہوں گی ہی کیونکہ یہ دو بڑی فلمیں ہیں، اس لئے ان کے سلسلے میں بات تو زیادہ ہوگی ہی کیونکہ اس میں زیادہ پیسہ لگا ہوا ہے، یہ بالکل قدرتی ہے'۔