چنئی: چاند کو فتح کرنے کے لیے نکلنے والے چندریان-3 نے جمعرات کو اپنے مشن میں ایک اور انتہائی اہم سنگ میل عبور کیا جس میں وکرم لینڈر ماڈیول کامیابی کے ساتھ پروپلشن ماڈیول سے الگ ہو گیا اور اس نے اپنا اگلا سفر شروع کر دیا۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے مطابق اب لینڈر روور کو لے کر اکیلے سفر کرے گا اور اسے 23 اگست کی شام چاند کے جنوبی قطب کی سطح پر اترنا ہے۔ اس کے لیے تمام مشقیں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اسرو کے مطابق اس مرحلے کے کامیاب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ چندریان 3 کے تمام سسٹم ٹھیک سے کام کر رہے ہیں۔
چندریان 3 کو 14 جولائی کو سری ہری کوٹا، آندھرا پردیش میں واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے لانچ کیا گیا تھا۔
چاند کی سطح پر اترنے کے بعد روور لینڈر سے باہر نکلے گا اور مشن کے مقاصد کو مکمل کرے گا۔ اس مشن کی کامیابی کے بعد ہندوستان یہ کارنامہ انجام دینے والا دنیا کا چوتھا ملک بن جائے گا۔ اب تک صرف امریکہ، روس اور چین نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چندریان 3 چوتھے مرحلے کو عبور کرتے ہوئے چاند کے قریب پہنچا
چندریان 3 نے گزشتہ تین ہفتوں میں کئی مراحل سے گزر کر اور چاند کے مختلف مداروں میں داخل ہو کر یہ اہم مرحلہ مکمل کیا ہے۔
یو این آئی