اسٹاک ہوم: مونگی جی۔ باوینڈی، لیوس ای بروس اور الیکسی آئی ایکیمو کو کیمسٹری کے نوبل انعام کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ ان تینوں سائنسدانوں کو یہ ایوارڈ چھوٹے کوانٹم ڈاٹس پر ان کی تحقیق پر دیا جائے گا۔ رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز کے سیکرٹری جنرل ہنس ایلیگرین نے بدھ کو اسٹاک ہوم میں انعام کا اعلان کیا۔ نوبل انعام میں 11 ملین سویڈش کرونر ( 1 ملین ڈالر) کا نقد انعام ہوتا ہے۔ یہ رقم انعام کے خالق، سویڈش موجد الفریڈ نوبل کی طرف سے چھوڑی گئی وصیت سے حاصل ہوتی ہے، ان کا انتقال 1896 میں ہوا تھا۔
اکیڈمی نے ایک بیان میں کہا کہ، "کیمسٹری کا نوبل انعام 2023 کوانٹم ڈاٹس کی دریافت اور ترقی کے لئے ہے۔ کوانٹم ڈاٹس اتنے چھوٹے ہیں کہ ان کا سائز ان کی خصوصیات کا تعین کرتا ہے،" اکیڈمی نے ایک بیان میں کہا۔ نینو ٹیکنالوجی کے یہ سب سے چھوٹے اجزاء اب ٹیلی ویژن اور ایل ای ڈی لیمپ میں پائے جاتے ہیں، جن سے یہ آلات روشنی خارج کرتے ہیں۔ نوبل کمیٹی برائے کیمسٹری کے چیئرمین جوہان ایکوسٹ نے کہا، "کوانٹم ڈاٹس میں بہت سے دلچسپ اور غیر معمولی خصوصیات ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کے سائز کے لحاظ سے ان کے رنگ مختلف ہوتے ہیں۔"
یہ بھی پڑھیں:پیئر اگوسٹینی، فیرنک کراؤز اور این ایل ہیلیئر نے فزکس کا نوبل انعام حاصل کیا
اس سے قبل طب اور فزکس کے نوبل انعام کے لیے سائنسدانوں کے ناموں کا اعلان کیا جا چکا ہے۔کیٹالن کیاریکو اور ڈریو ویسمین کو مشترکہ طور پر 2023 کے نوبل انعام برائے فزیالوجی یا میڈیسن سے نوازا گیا ہے ۔انھوں نے کووڈ-19 کے خلاف ایم آر این اے ویکسین کی دریافت میں اہم تعاون دیا ہے۔ کرولنسکا انسٹی ٹیوٹ کی نوبل اسمبلی نے ایک بیان میں کہا، "انہیں یہ اعزاز نیوکلیوسائیڈ بیس ترمیم سے متعلق اپنی دریافتوں پر ملا ہے، جس نے کووِڈ 19 کے خلاف موثر ایم آر این اے ویکسینز کی تیاری کو ممکن بنایا۔"
یہ بھی پڑھیں:کووڈ ویکسین بنانے والے سائنسدانوں کو طب کا نوبل انعام
وہیں، رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے منگل کو روشنی کی انتہائی مختصر لہروں کے ساتھ الیکٹران کی دنیا کی دریافت پر 2023 کے لیے فزکس کا نوبل انعام دیا۔ 2023 کا یہ نوبل انعام مشترکہ طور پر پیئرے آگسٹینی، فرینک کراؤز اور این ایل ہولیئر کو دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ تجرباتی طریقوں کے لیے دیا گیا تھا جس میں مادے میں الیکٹران کی نقل و حرکت کا مطالعہ کرنے کے لیے روشنی کی اٹوسیکنڈ پلس پیدا کی گئیں۔