دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے اتوار کو کہا کہ میٹرو میں باقاعدہ سفر کے لئے مسافروں کے ذریعہ اسمارٹ کارڈ کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔
جنوری 2022 میں، سفر کے لیے اسمارٹ کارڈ کا استعمال بڑھ کر تقریباً 78 فیصد ہو گیا ہے، جو کہ کووِڈ کی مدت سے پہلے 70 فیصد تھا۔
ڈی ایم آر سی نے کہا کہ میٹرو اسٹیشنوں سے روزانہ اوسطاً 10-12 ہزار میٹرو اسمارٹ کارڈ فروخت ہوتے ہیں۔ سمارٹ کارڈ کے ذریعہ سفر کرنے پر 10 فیصد رعایت دی جاتی ہے اورکم بھیڑ والے وقت (آف پیک آور) میں میٹرو اسٹیشن میں داخلے پر 10 فیصد اضافی رعایت دی جاتی ہے۔ اس وقت تقریباً 2.5 کروڑمیٹرو اسمارٹ کارڈ استعمال میں ہیں۔
سال 2002 میں، دہلی میٹرو سفر کے لیے کاغذی ٹکٹوں کی جگہ ٹوکن (کنٹیکٹ لیس اسمارٹ ٹوکن) اور اسمارٹ کارڈز (کانٹیکٹ لیس اسمارٹ کارڈ) جاری کرنے والے ادارے کے طورپر دنیا کی پہلی میٹرو ریل بنی۔
قابل ذکر ہے کہ سال 2020 میں دہلی میٹرو میں تین سے چار مہینے کے لئے اسمارٹ کارڈز کا استعمال 100 فیصد ہوگیا تھا جب 169 دنوں کے مسلسل لاک ڈاؤن کے بعد ستمبر 2020 میں میٹرو خدمات دوبارہ بحال ہوئی تھیں۔
- مزید پڑھیں:' ڈرائیورلیس میٹرو ٹرین 100 فیصد محفوظ'
ڈی ایم آر سی نے کہا کہ ہم دیگر میٹرو سسٹمس جیسے سنگاپور اور ہانگ کانگ میٹرو کی طرح اس اعداد و شمار کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں میٹرو سے سفر کرنے والے تقریباً 100 فیصد لوگ کارڈ کے ذریعے روزانہ ہموار اور پرلطف سفر کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
یو این آئی