تھانہ ڈسٹرکٹ الیکشن ڈیپارٹمنٹ نے تھانہ کے اوولا علاقے میں واقع پشپانجلی ریزیڈینسی کے فلیٹ سے 53 لاکھ روپے ضبط کرلئے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ معاملہ براہ راست نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی رمیش قدم سے متعلق ہے ، جو بدعنوانی میں گرفتار ہوئے تھے اور عدالتی تحویل میں تھانہ سینٹرل جیل میں بند تھے طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے قدم کو ممبئی کے جے جے اسپتال لے جایا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اننا بھاؤ ساٹھے کارپوریشن اقتصادی بدعنوانی کیس میں گرفتار این سی پی کے رکن اسمبلی رمیش قدم کو تھانہ سینٹرل جیل میں رکھا گیا ہے۔
ایم ایل اے قدم کی بگڑتی ہوئی صحت کی وجہ سے جیل کے ہیلتھ آفیسر نے پیر کے دن ممبئی کے جے جے ہسپتال میں ٹیسٹ کروانے کا مشورہ دیا تھا اور مزید جانچ کے لئے بھیجا تھا جس کے بعد این سی پی کے ایم ایل اے کو جمعہ کو پولیس سکیورٹی کے درمیان جے جے ہسپتال لے جایا گیا
جہاں طبی جانچ کے بعد اسی سکیورٹی کے ساتھ رکن اسمبلی رمیش قدم کو دوبارہ جیل لانے کے بجائے پولیس اسکواڈ پارٹی کے انچارج پولیس سب انسپکٹر ممبئی سے تھانہ گھوڈبندر کے اولا میں پشپانجلی ریسیڈینسی کے تیسری منزل کے فلیٹ نمبر 301 پر ایک نجی گاڑی لے گئے۔
اسی دوران پولیس ایف ایس ٹی ٹیم نمبر تین اور ضابطہ اخلاق کی ٹیم نے مشترکہ طور پر چھاپہ مار کر 53 لاکھ 46 ہزارروپے برآمد کرلئے۔
اسی کے ساتھ ہی پولیس ٹیم نے پولیس پارٹی میں شامل افسران اور ملازمین پر بھی تفتیش شروع کردی ہے۔ محکمہ انکم ٹیکس نے متعلقہ فلیٹ کے مالک راجو بانو کھرے کو سمن جاری کیا ہے۔ سنیچر کی صبح دس بجے انہیں نقدی کی تفصیلات پر مشتمل دستاویزات کے ساتھ طلب کیا ہے.