سہارنپور کے دیوبند میں تروینی شوگر فیکٹری کے مین گیٹ پر اس وقت افراتفری مچ گئی جب فیکٹری سے باہر نکل رہی کار پر ایک نوجوان نے فائرنگ شروع کردی۔
ایک گولی کار کے شیشے میں دھنس گئی، کار میں فیکٹری کے ایڈمنسٹریٹر جے پال سنگھ رانا اور سیکورٹی منیجر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ جئے پال سنگھ نے بتایا کہ وہ لوگ کھانا کھانے کی غرض سے فیکٹری سے باہر نکل رہے تھے۔
اطلاع کے مطابق شوگر فیکٹری کے انتظامی امور کے منیجر جے پال سنگھ رانا شوگر فیکٹری کے سیکورٹی منیجر راجو تیاگی اور چندن سنگھ کے ساتھ شوگر فیکٹری کے مین گیٹ سے بذریعہ کار باہر نکلے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل سوار ایک نوجوان نے ان پر تابڑ توڑ فائرنگ شرو ع کردی۔
اچانک فائرنگ کی آواز سے سڑک پر جا رہے راہ گیروں میں افراتفری مچ گئی، اتنے میں فیکٹری سے سیکورٹی کے افراد باہر آتے اسی دوران موٹر سائیکل سوار نوجوان اپنے ساتھی کے ساتھ فائرنگ کرتا ہوا فرار ہوگیا۔
فیکٹری کے انتظامیہ امور کے مینیجر جے پال سنگھ نے بتایا کہ کچھ روز قبل ایک نوجوان مینیجر کے پاس کسی ٹھیکے کی بات کرنے آیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دوپہر کے وقت جب وہ فیکٹری سے بذریعہ گاڑی باہر نکلے تو اسی وقت اچانک موٹر سائیکل سوار نوجوان نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان اور اس کے ساتھی کے خلاف دیوبند کوتوالی میں تحریر دے دی گئی ہے۔
اس فائرنگ میں کسی بھی طرح کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔