ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں بدمعاشوں نے لوٹ کی واردات کو سر عام انجام دیا ہے۔پولیس اس کی تفتیش کر رہی ہے۔
جونپور میں بد معاشوں نے سر عام اسلحہ کے زور پر گراہک سروس سینٹر پر لوٹ کی واردات کو انجام دیتے ہوئے وہاں سے فرار ہوگئے۔ پورا واقعہ سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ جس کی بنیاد پر پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
یہ واقعہ منگرا بادشاہ پور تھانہ حلقہ کے سمست پور بازار کا ہے۔لااینڈ آرڈر کو برقرار رکھنے کے لئے ضلع میں تعینات ایس پی کا تبادلہ کر نئے ایس پی راج کرن نیر کو چارج دیا گیا۔ نئے کپتان کو چارج سنبھالتے ہوئے 36 گھنٹے بھی نہیں گزرے کہ بدمعاشوں نے یہ واردات انجام دی۔
بروز بدھ تھانہ لائن بازار حلقہ سے محض کچھ فاصلے پر طلباء کے دو گروپز کے درمیان تنازعے کے بعد فائرنگ کی واردات سے ابھی ضلع میں دہشت کا ماحول دیکھا جارہا تھا کہ تھانہ منگرا بادشاہ پور حلقہ کے سمست پور میں اسلحہ کے زور پر بدمعاشوں نے سر عام اسٹیٹ بینک کسٹمر سروس سینٹر پر لوٹ کی واردات کو انجام دیا۔لوٹ کی پوری واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔
اطلاع ملتے ہی اعلیٰ افسران موقع پرپہنچ گئے اور معاملے کی تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق تین بدمعاش تھے، اور 28 ہزار روپے کی لوٹ ہوئی ہے جس کا جلد ہی خلاصہ کیا جائے گا۔
فی الحال پولیس کے اعلیٰ افسران جلد ہی ملزموں کو گرفتار کرنے کی بات کر رہے ہیں لیکن جس طرح سے ضلع میں مسلسل جرائم کے ایک بعد دیگر واقعات پیش آرہے ہیں اس سے علاقے کی عوام میں ڈر اور خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔