اسپیشل این ڈی پی ایس کورٹ نے ریا چکرورتی اور ان کے بھائی شووک چکرورتی کی عدالتی تحویل کو 20 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے اور اب انہیں مزید 14 دنوں تک جیل میں رہنا پڑے گا۔
واضح رہےکہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جُڑے ڈرگس کے معاملے میں ریا چکرورتی، شووک چکرورتی اور کئی دیگر کی حراست میں توسیع ہوئی ہے۔
آٹھ ستمبر کو ریا کو این سی بی نے گرفتار کیا تھا۔ ریا اور شووک ان 20 افراد میں شامل ہیں جنہیں گذشتہ چند ہفتوں میں این سی بی نے گرفتار کیا ہے۔ این سی بی سشانت کی موت کے معاملے سے متعلق منشیات کے زاویے کی تحقیقات کررہی ہے۔
حال ہی میں ہائی کورٹ نے بھی ریا کی درخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ ریا کی ضمانت کی درخواست نچلی عدالتوں کے ذریعہ اس سے پہلے بھی دو بار مسترد کی جاچکی ہے۔
این سی بی نے ایک حلف نامے میں کہا ہے کہ تفتیش ایک اہم مرحلے میں ہے اور اگر اس وقت ریا چکرورتی کو ضمانت مل جاتی ہے تو تحقیقات میں رکاوٹ پیدا ہوجائے گی۔
اہم بات یہ ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد منشیات کے سلسلے کی تحقیقات کرنے والے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 8 ستمبر کو پوچھ تاچھ کے کئی دور کے بعد ریا چکرورتی کو گرفتار کیا۔