نوئیڈا میں نوجوان کی قتل کے بعد سڑک پر لاش رکھ کر یوگی اور پولیس کمیشنر کے خلاف احتجاج اور نعرہ بازی کی گئی۔
نوئیڈا کے کوتوالی سیکٹر 24 سے چند قدم کے فاصلے پر سیکٹر 63 میں ایک کمپنی کے ملازم کمل شرما کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔ جس کی لاش بدھ کی شام ساڑھے سات بجے اسکون مندر کے قریب ایلی ویٹیڈ لوپ پر پائی گئی۔ ابتدائی طور پر پولیس نے اسے روڈ حادثہ قرار دیا تھا۔ اب پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ نوجوان کی موت گولی لگنے سے ہوئی ہے۔ جس میں گولی اس کے کندھے کے پیچھے لگی اور باہر نہیں نکل سکی ۔
پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے قتل کا معاملہ درج کرنے کارروائی کرنے کی بات کر رہی ہے۔ دوسری جانب اس واقعے کے بعد مشتعل رشتہ داروں نے جمعرات کی صبح نیٹھاری گاؤں سیکٹر 31 کے قریب سڑک پر لاش رکھ کر یوگی اور پولیس کمیشنر کے خلاف جم کر نعرہ بازی اور احتجاج شروع کردیا۔ سیکڑوں کی تعداد میں سڑک میں جام لگا کر نعرہ بازی ہوتی رہی۔
صورتحال کو بگڑتا دیکھ کر علاقے کے رکن پارلیمان مہیش شرما اور ایڈیشنل پولیس کمشنر لو کمار نے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ 48 گھنٹے میں قاتلوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔جس کے بعد لاش چوراہے سے ہٹا لی گئی۔