مفرور بزنس مین وجئے مالیا نے بھارتی بینکوں کے کنسورٹیئم کو رقم واپس کرنے کی پیش کش کا اعادہ کیا اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے پیش نظر مرکز سے مدد طلب کی۔
مالیا نے ٹویٹ کیا کہ 'بھارت میں مکمل لاک ڈاون ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے میری کمپنیوں کا کام بند ہو گیا ہے۔ تمام پیداوار بند ہو گئی ہے لیکن ہم اب بھی اپنے ملازمین کو واپس نہیں بھیج رہے ہیں اور اس طرح اس کی ادائیگی کر رہے ہیں لہذا حکومت کو ہماری مدد کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ مالیا بھارت سے فرار ہو کر برطانیہ میں مقیم ہیں اور انہوں نے یہ ٹویٹ آج صبح میں کیا تھا۔
مالیا نے کہا کہ انہوں نے متعدد بار بقایاجات واپس کرنے کی پیش کش کی ہے لیکن نہ ہی بینکز اور نہ ہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ تعاون کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بحران کی اس گھڑی میں مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن ان کی بات سنیں گی۔
مالیا جو گزشتہ چار برسوں سے بیرون ملک مقیم ہیں، الزامات کا سامنا کرنے کے لیے بھارت واپس آنے کو تیار نہیں ہیں۔ مبینہ طور پر وہ 13 بھارتی بینکوں پر 9000 کروڑ روپے سے زائد کے مقروض ہیں۔