بلرامپور پولیس کی جانب سے یہ بے مثال اسکیم گذشتہ مہینے لانچ کی گئی تھی۔
شوسل میڈیا پر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع بلرامپور دیو رنجن ورما کے حوالے سے جاری ایک پوسٹر میں لکھا ہے کہ' گھر بیٹھے ہزاروں روپئے کمائیں'۔
،مخبر روزگار اسکیم پوسٹر میں مزید لکھا ہے کہ 'جرائم پیشہ افراد کے بارے میں بلرامپور پولیس کو معلومات فراہم کرنے، چوری کی گاڑیوں کی برآمدگی میں تعاون کرنے ،دیسی پستول کی برآمدگی میں تعاون کرنے پرایک۔ایک ہزار روپئے اور غیر قانونی پستول و ریوالور کی برآمدگی میں تعاون کرنے پر 5000 روپئے بطور انعام دئے جائیں گے'۔
پوسٹر میں بلرامپور ایس پی کا سی یو جی نمبر بھی ہے اور ساتھ میں اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ مخبر کے نام کو راز میں رکھا جائےگا۔
پوسٹر کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس میں انعام دینے اور اس کو بینک میں جمع کرانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ اس اسکیم کا سہرا بلرامپور کے ایس پی دیو رنج ورما کو جاتا ہے اور اب پولیس نے گاؤں میں بھی اس کی تشہیر کا کام شروع کردیا ہے۔
جمعرات کو بلرامپور ایس پی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ اس اسکیم کا آغاز گذشتہ مہینے گیا تھا اور اس کے نتائج آنا بھی شروع ہوگئے ہیں۔
اب تک ہم نے اس کے ذریعہ 6۔7 کیسوں پر کام کیا ہے جس میں ایک ٹرک کے چوری کا معاملہ بھی شامل ہے اور جس کے تحت مخبر کو 10 ہزار روپئے بطور انعام بھی دیے گئے ہیں۔