لندن: گزرے چار سال میں دنیا کے 5 امیر ترین افراد کی دولت دُگنی ہوگئی جب کہ اسی مدت کے دوران دنیا کی نصف سے زائد آبادی مزید غریب ہو گئی۔
دنیا میں دو طرح کے طبقے بستے ہیں ایک امیر جو امیر تر ہوتا جا رہا ہے اور ایک غریب طبقہ جس کو ہر گزرتا دن مزید غربت کے گڑھے میں دھکیل رہا ہے۔ گزشتہ چار سال میں دنیا کے پانچ امیر ترین افراد کی دولت میں دُگنا اضافہ ہوا، تو اسی مدت میں 5 ارب آبادی غربت کا شکار بھی ہوئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے برطانوی امدادی ادارے اوکسفیم کی ایک رپورٹ کی بنیاد پر خبر دی ہے کہ پانچ شخصیات کی دولت 2020 میں 405 ارب ڈالر تھی جو اب بڑھ کر 860 ارب ڈالر ہوگئی ہے، تاہم اسی خبر کا ایک تاریک پہلو یہ بھی ہے کہ اسی مدت کے دوران دنیا کی تقریباً 5 ارب کی آبادی خط افلاس سے نیچے چلی گئی۔
یہ رپورٹ ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم پر بھی پیش کی گئی۔ اوکسفیم کی جانب سے پیش کردہ اس رپورٹ میں عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات کے مسئلے کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی اور کہا گیا کہ اس دہائی کے آغاز سے ہی دنیا کی معیشت بحرانوں کی زد میں ہے، لیکن امیر کمپنیاں اور افراد مزید دولت اکھٹے کرنے کے ساتھ ساتھ زیادہ طاقتور ہوتے جا رہے ہیں۔
آکسفیم کی اس رپورٹ میں معاشی عدم توازن کو ختم کرنے کے لیے امیر طبقے پر ویلتھ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز بھی دی گئی، جس پر عملدرآمد سے ہر سال 1.8 کھرب ڈالر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق دنیا کے پانچ امیر ترین افراد میں ایلون مسک، برنارڈ آرنلٹ، جیف بیزوس، لیری ایلسن اور مارک زکربرگ شامل ہیں، جن کی دولت میں 464 ارب ڈالر یعنی 114 فیصد کا اضافہ ہوا۔ دنیا کا ایک فیصد امیر طبقہ پوری دنیا کے 59 فیصد مالی اثاثوں کا مالک ہے جن میں اسٹاک، شیئرز اور بانڈز بھی شامل ہیں۔
فوربس میگزین کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی دولت 230.2 ارب ڈالر ہے، جبکہ امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر برنارڈ آرنلٹ اور ان کا خاندان ہے جو فیشن برانڈ لوئی وٹاں کا مالک ہے۔ برنارڈ آرنلڈ اور خاندان کے کُل اثاثوں کی مالیت 182.4 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
تیسرے نمبر پر ایمازون کے مالک جیف بیزوس ہیں جن کی دولت 176.9 ارب ڈالر ہے، چوتھے نمبر پر سافٹ ویئر کمپنی اوریکل کے مالک لیری ایلیسن ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 135.2 ارب ڈالر ہے جبکہ پانچویں نمبر پر فیس بک کے مالک مارک زکربرگ ہیں جن کی دولت 132.3 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:
- دنیا کے امیر ترین شہر میں کروڑ پتی افراد کی تعداد
- ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا ٹیگ کھو بیٹھے
- دنیا کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں کنگ خان، ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز سے بھی آگے
(یو این آئی)