صنعا: امریکہ اور برطانیہ نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے ارد گرد حوثیوں کے فوجی ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں۔ حوثیوں کے زیر کنٹرول صبا نیوز ایجنسی اور مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ، امریکہ اور برطانیہ نے جمعہ (12 جنوری) کی صبح سے پہلے ہی کئی فضائی حملے کیے۔ خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ ، "امریکہ-اسرائیل اور برطانیہ نے دارالحکومت صنعا اور حدیدہ، صعدہ اور دمار میں متعدد فضائی حملے کیے"۔ ایجنسی کے مطابق یہ حملے صنعا کے الديلمي ہوائی اڈے، صوبہ الحدیدہ کے ضلع زَبِيدکے علاقوں، بندرگاہی شہر حدیدہ کے ہوائی اڈے کے اطراف کے علاقوں، شمالی صعدہ شہر کے مشرق میں واقع کہلان کیمپ اور اور شمال مغرب میں حَجَّة کی حکومت کے ضلع عبس کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر کیے گئے۔"
رہائشیوں نے بتایا کہ، کم از کم چار طاقتور فضائی حملے صنعا کے ارد گرد کے پہاڑوں پر کیے گئے ہیں جس سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہو گئی۔ حوثیوں نے صنعا کے وسط میں رہائشی علاقوں سے متصل کئی کیمپوں کو خالی کرا لیا ہے۔ امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے حوثی باغیوں کو بحری جہازوں پر حملہ کرنے سے روکنے کے لیے حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے اعلان کے بعد گاڑیاں رات بھر کیمپوں سے نکلتی دیکھی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:یو این ایس سی میں حوثیوں کے بحیرہ احمر میں حملوں کے خلاف قرارداد منظور
- کوئی بھی امریکی حملہ بےجواب نہیں جائے گا :حوثی رہنما
حوثی گروپ کے رہنما عبدالملک الحوثی نے ایک ٹیلیویژن تقریر میں کہا، یمن کے حوثی باغیوں پر کسی بھی امریکی حملے کا جواب دیئے بغیر نہیں رہیں گے۔
العربیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی بھی ردِعمل حالیہ حملے سے بڑا ہو گا جس میں گروپ کے ڈرونز اور میزائلوں نے بحیرۂ احمر میں ایک امریکی بحری جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔ انہوں نے کہا، "کوئی بھی امریکی حملہ بےجواب نہیں جائے گا۔ جواب اس حملے سے بڑا ہو گا جو بیس ڈرونز اور متعدد میزائلوں سے کیا گیا تھا۔"
یمن کے ایرانی حمایت یافتہ حوثی مزاحمت کاروں نے غزہ میں اسرائیل کی جنگ کے خلاف احتجاج کے طور پر بحیرۂ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔ نقل و حمل کی مختلف کمپنیوں نے افریقہ کے گرد طویل سفر کرنے کے بجائے تجارتی کارروائیاں معطل کر دی ہیں۔ الحوثی نے کہا کہ، "ہم اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے لیے زیادہ پرعزم ہیں اور ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔"
واضح رہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بدھ کو ایک قرارداد منظور کی جس میں بحیرہ احمر کے علاقے میں تجارتی جہازوں پر یمن کے حوثی باغیوں کے حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ حوثی گروپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف اسرائیل کی فضائی اور زمینی کارروائی کے جواب میں یہ حملے کیے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قرارداد کی سرپرستی امریکہ اور جاپان نے کی۔ قرارداد کو 0-11 کے ووٹوں سے منظور کیا گیا۔
(یو این آئی)