واشنگٹن: امریکی حکومت نے یوکرین کے لیے 2 ارب ڈالر کی اضافی سکیورٹی کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے جمعرات کے روز سی این این ٹاؤن ہال کے ایک پروگرام کے دوران کہا کہ امریکہ یوکرین کو اضافی سکیورٹی امدادی پیکج فراہم کرے گا۔ "آج امریکہ نے یوکرین کے لیے 2 ارب ڈالر کی سکیورٹی امداد کا اعلان کیا"۔ قبل ازیں، سی این این نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ فنڈنگ کا اعلان کرے گی، جو یوکرین کو سکیورٹی اسسٹنس انیشیٹو کے تحت فراہم کی جائے گی۔ یوکرین سکیورٹی اسسٹنس انیشی ایٹو کا فنڈ دفاعی صنعت کے ساتھ نئی خریداری اور معاہدے کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، موجودہ امریکی اسٹاک سے آلات خریدنے کے لیے اس کا استعمال نہيں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس 24 فروری کو روس نے یوکرین پر خصوصی فوجی آپریشن نام کے تحت جو حملہ شروع کیا تھا وہ آج بھی جاری ہے۔ ابتدائی دنوں میں یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ یہ جنگ چند دنوں میں ختم ہو جائے گی لیکن اب اسے ایک سال مکمل ہوچکا ہے اور اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مستقبل قریب میں اس جنگ کا کوئی حل نظر نہیں آرہا ہے۔ دریں اثنا، جنگ ابھی بھی جاری ہے اور مغربی ہتھیاروں کی سپلائی کی مدد سے یوکرین کی افواج بھرپور جوابی حملے کرنے میں مصروف ہے۔ دونوں فریق جنگ سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں اور اب دونوں فریق ڈونباس کے علاقے پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے خونریز لڑائیوں میں مصروف ہیں، یہ ڈونباس علاقہ دراصل ڈونیٹسک اور لوہانسک علاقوں پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: One Year of Ukraine War: یوکرین پر روسی حملے کے ایک برس مکمل، جنگ آخر شروع کیوں ہوئی؟
یو این آئی