اسلام آباد: پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں ہائی الرٹ کی وجہ سے چیکنگ چل رہی تھی اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا، گاڑی رکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کی موت ہوئی ہے۔ Suicide Car Bombing Kills Policeman in Islamabad
اسلام آباد پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صبح سوا 10 بجے ایک مشکوک ٹیکسی آرہی تھی جس میں ایک مرد اور ایک خاتون سوار تھے، پولیس کے ایگل اسکواڈ نے مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں روکا اور ان کی تلاشی لی۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اسلام آباد سیکٹر آئی 10 میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔انہوں نے اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا، قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی سے مذموم منصوبہ ناکام ہوگیا، عوام دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی فورسز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے دشمن اور عوام کے قاتل ہیں، ارض پاک کو اس فتنے سے پاک کر کے رہیں گے۔ شہباز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ شہید پولیس اہلکار کو شہدا پیکج دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو غیر معمولی بہادری پر اہلکاروں کوانعام اور تعریفی اسناد دینے کی بھی ہدایت کی۔