اسلام آباد: پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوان ہلاک ہوگئے ہیں، جب کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی مؤثر کارروائی میں 4 عسکریت پسند بھی ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جنوبی وزیرستان کے علاقے عثمان منزہ میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران 6 سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے امکانات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ (یو این آئی)