ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں جمعرات کی صبح ڈھاکہ- ماوا ایکسپریس وے پر بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ عینی شاہدین کے حوالے سے سری نگر پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج (او سی) ہدایت الاسلام بھوئیاں نے یہ اطلاع دی۔افسران نے بتایا کہ یہ واقعہ منشی گنج کے سری نگر کے علاقے شولوگھر میں آج صبح تقریباً 9 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس اپنی منزل کی طرف گامزن تھی۔ اس دوران بس اور ٹرک کے درمیان زبردست ٹکر کے سبب دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں علاج کے دوران مزید چار افراد دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ مرنے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔
وہیں گزشتہ روز پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ کے ضلع جمشورو میں ایک مسافر بس کے کھائی میں گرنے سے کم از کم دو افراد ہلاک اور چھ دیگر زخمی ہوگئے۔ ریسکیو سروس نے بتایا کہ حادثہ ضلع کے نوری آباد علاقے میں سپر ہائی وے پر پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کی وجہ ڈرائیور کو نیند آنا ہوسکتا ہے۔ امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا۔ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ چار مسافروں کی حالت تشویشناک ہے، مرنے والوں میں ایک 23 سالہ خاتون جبکہ زخمیوں میں چار بچے اور دو نوجوان شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کا شکار بس صوبے کے شہر سکر سے صوبائی دارالحکومت کراچی کی طرف جا رہی تھی۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Myanmar Road Accident میانمار میں سڑک حادثہ، چھ افراد ہلاک
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ)