یونان کے کوسٹ گارڈ نے جمعرات کی صبح کہا کہ بحیرہ ایجیئن میں لیسوس جزیرے کے ساحل پر مہاجرین اور تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی ڈوبنے سے 21 افراد ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق کشتی پر سوار 15 دیگر بچائے گئے افراد نے حکام کو بتایا کہ حادثے کے وقت کشتی میں تقریباً 40 افراد سوار تھے۔ یونان کے قومی نشریاتی ادارے ای آر ٹی نے کوسٹ گارڈ کے ترجمان نیکوس کوکلاس کے حوالے سے بتایا کہ تمام متاثرین افریقی نسل کی نوجوان خواتین تھیں۔
دریں اثناء، ایک اور کشتی کے حادثے میں، جنوبی یونان کے کیتھیرا جزیرے میں کل رات ایک کشتی ڈوب گئی۔ اس حادثے میں 80 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق کشتی پر تقریباً 95 افراد سوار تھے۔ ان کی قومیت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔حکام نے بتایا کہ دونوں واقعات میں تیز ہواؤں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ (یو این آئی)