لندن: رشی سونک نے بکنگھم پیلس میں بادشاہ چارلس سے ملاقات کے بعد برطانیہ کے پہلے بھارتی نژاد وزیر اعظم بن گئے ہیں۔ اس سے قبل برطانیہ کی سبکدوش ہونے والی وزیر اعظم لز ٹرس نے ڈاؤننگ اسٹریٹ سے الوداعی تقریر میں اپنے جانشین کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے دور اقتدار کی کچھ کامیابیوں کی بھی تعریف کی ہے۔First Indian Origin UK PM
باضابطہ طور پر مستعفی ہونے کے لیے بکنگھم پیلس سے روانہ ہونے سے پہلے لز ٹرس نے کہا کہ ہم طوفان سے لڑتے رہتے ہیں، لیکن میں برطانیہ پر یقین رکھتی ہوں، میں برطانوی عوام پر یقین رکھتی ہوں اور میں جانتی ہوں کہ روشن دن آنے والے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ کی حکمران کنزرویٹو پارٹی کے لیڈر کی دوڑ میں شامل سابق وزیر خزانہ اور بھارتی نژاد رشی سونک کی حریف پینی مورڈانٹ کے پی ایم ریس سے پیچھے ہٹنے کے بعد سونک کو پارٹی کے نئے رہنما کے طور پر اعلان کیا گیا۔ کنزرویٹو پارلیمانی پارٹی کی 1922 کی کمیٹی کے چیئرمین سر گراہم بریڈی نے سونک کے لیڈر کے طور پر انتخاب کا اعلان کیا۔
قابل ذکر ہے کہ رشی سونک برطانیہ کے پہلے سیاہ فام وزیر اعظم ہوں گے اور وزیر اعظم کی رہائش گاہ ڈاؤننگ اسٹریٹ کے پہلے ہندو شخص ہوں گے۔ سونک کو کنزرویٹو پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے 180 ارکان کی اعلانیہ حمایت حاصل تھی، جب کہ محترمہ پینی مورڈونٹ 100 ارکان کی حمایت حاصل نہ کر سکیں جس کی وجہ سے انہیں وزارت عظمیٰ کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا۔