اسلام آباد: اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کو کہنا چاہتا ہوں کہ انصاف کا جھندا آج بھی میرے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کل عمران خان سے ملاقات کروں گا، جب قید تنہائی میں ہوتے ہیں تو چیزوں پر سوچنے کا موقع ملتا ہے، ایک ماہ قید تنہائی میں رہ کر سوچنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے ملاقات میں کچھ چیزیں سامنے رکھوں گا، قیدِ تنہائی میں ہمت سے وقت گزارنے کا حوصلہ ملا۔
انہوں نے کہا کہ ایک جیل میں قیدی عوام کو کیسے اکسا سکتا ہے، جب 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کا سنا تو کراچی سے اسلام آباد روانہ ہوا اور اس وقت میری اہلیہ ہسپتال میں داخل تھیں، اہل خانہ نے حوصلہ دیا کہ ہماری وجہ سے کسی دباؤ میں نہ آنا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان سے کہنا چاہتا ہوں کہ حوصلہ رکھیں امتحان کا وقت ہے۔ قبل ازیں عدالتی حکم پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) رہنما شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:
لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کی نظربندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو فوری طور پر رہا کرنے کے علاوہ پولیس کو حکم دیا کہ ایم پی او کے تحت انہیں کسی اور کیس میں گرفتار نہ کیا جائے۔ (یو این آئی)