اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔ یہ ملاقات مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی ’کوپ 27‘ موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔ Prince Mohammed bin Salman meets Pak PM Shehbaz Sharif
وزیر اعظم آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر وزیر اعظم شہباز شریف پرامید ہیں کہ یہ دورہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے گا‘۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم شہباز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، ثقافت، اقدار اور باہمی تعاون کی لازوال روایت سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے سعودی عرب میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور تعاون کے لیے بھی سعودی عرب کو سراہا۔
Prince Salman visit to Pakistan
ریاض میں اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلیٰ سطح پر روابط میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے سعودی عرب کی جانب سے امداد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کے سبب نقصانات سے نمٹنے کے لیے کوپ 27 کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: Sunak Rushed Out of Room برطانوی وزیراعظم موسمیاتی اجلاس سے اچانک اٹھ کرکیوں چلے گئے؟
یو این آئی