نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ کے اپنے پہلے سرکاری دورے کے پہلے مرحلے میں نیویارک پہنچ گئے۔ نیویارک کے اپنے دورے کے دوران، وزیراعظم آج بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز، نوبل انعام یافتہ افراد، ماہرین اقتصادیات، فنکاروں، سائنسدانوں، اسکالرز، کاروباری افراد، ماہرین تعلیم، صحت کے شعبے کے ماہرین سے ملاقات کریں گے۔ 21 جون کو، وزیر اعظم اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوگا کے عالمی دن کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔
اس کے بعد وزیراعظم واشنگٹن ڈی سی جائیں گے جہاں 22 جون کو وائٹ ہاؤس میں ان کا باقاعدہ استقبال کیا جائے گا۔ یہاں وہ امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ اعلیٰ سطحی مذاکرات کریں گے۔ ریلیز کے مطابق بائیڈن اور خاتون اول ڈاکٹر جل بائیڈن اسی شام وزیر اعظم کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیہ دیں گی۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن کی دعوت پر وزیر اعظم نریندر مودی امریکہ کا دورہ کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی کے امریکی دورے کا مکمل شیڈول
- وزیر اعظم مودی 21 جون کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوگا کے عالمی دن کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔
- وزیر اعظم مودی اعلیٰ سطح کی بات چیت کے لیے 22 جون کو واشنگٹن میں امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کریں گے۔
- امریکی صدر بائیڈن اور خاتون اول جل بائیڈن 22 جون کی شام وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ایک سرکاری عشائیہ دیں گے۔
- وزیر اعظم مودی 22 جون کو امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
- امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور سکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن 23 جون کو وزیر اعظم مودی کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
- پی ایم مودی واشنگٹن میں معروف کمپنیوں کے سی ای اوز، پیشہ ور افراد، دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کریں گے۔