اسلام آباد: پاکستان میں معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے لوگوں سے چائے پینے کی مقدار کم کرنے کا کہا گیا ہے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ روزانہ کم چائے پینے Drink Less Tea سے پاکستان کے اعلیٰ درآمدی بلوں میں کمی آئے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے زر مبادلہ کی بچت ہوگی، معیشت کی بحالی کے لیے یہ اقدامات ناگزیر ہیں، کڑوی گولی نگل لی تو جلد بحران سے نکل آئیں گے۔
پاکستان دنیا کا سب سے بڑا چائے درآمد کرنے والا ملک ہے، جس نے گزشتہ سال 600 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی چائے خریدی ہے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق اقبال نے کہا کہ میں ملک سے چائے کی کھپت میں ایک سے دو کپ تک کمی کرنے کی اپیل کرتا ہوں کیونکہ ہم قرض پر چائے درآمد کرتے ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ تاجر بھی بجلی کی بچت کے لیے 20:30 بجے بازار بند کر دیں۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی جاری ہے، یہ درخواست حکومت کی جانب سے درآمدی اخراجات میں کمی اور ملک میں رقوم رکھنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر فروری میں تقریباً 16 بلین ڈالر سے کم ہو کر جون کے پہلے ہفتے میں 10 بلین ڈالر سے بھی کم ہو گئے، جو اس کی تمام درآمدات کی دو ماہ کی مالیت کو پورا کرنے کے لیے بمشکل کافی ہے۔ گزشتہ ماہ، کراچی میں حکام نے فنڈز کی حفاظت کے لیے درجنوں غیر ضروری لگژری آئٹمز کی درآمد پر پابندی لگا دی تھی۔