اسلام آباد: عام طور سے بھارت اور پاکستان کے بارے میں لوگ یہی سوچتے ہیں کہ وہ کبھی بھی ایک دوسرے کی مدد نہیں کرتے لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ دونوں ملکوں کی طرف سے انسانی ہمدردی کی سطح پر متعدد دفعہ مدد کی جاتی رہی ہے۔ اس کی تازہ مثال پاکستان کی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے پیش کی ہے۔ اس نے نہ صرف پاکستانی سرحد میں ڈوبنے والے چھ بھارتیوں کو بچایا بلکہ انہیں طبی امداد اور خوراک فراہم کرنے کے بعد بھارتی کوسٹ گارڈ کے حوالے کر دیا۔Pakistan Rescued Indian Fishermen
جمعرات کو پاک بحریہ نے کہا کہ اس نے چھ بھارتی ماہی گیروں کو بچا لیا جو پاکستان اور بھارت کے بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن کے قریب ڈوب رہے تھے۔ یہ واقعہ 6 اکتوبر کو پیش آیا جب پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی PMSA کا جہاز مشرقی میری ٹائم زون میں گشت کر رہا تھا اسی وقت اس نے سمندر میں چھ بھارتی ماہی گیروں کو ڈوبتے ہوئے دیکھا۔
یہ بھی پڑھیں: open fire on Indian fisherman پاکستان میری ٹائم سکیورٹی کی بھارتی ماہی گیروں کی کشتی پر فائرنگ
حکام کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اسی وقت ہنگامی امدادی کوششیں کی گئیں اور بھارتی ماہی گیری کشتی کے عملے کے تمام ارکان کو کامیابی سے بچا لیا گیا۔ بعد ازاں بچائے گئے ماہی گیروں کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے خوراک اور طبی امداد فراہم کی گئی، جس سے ان کی جسمانی حالت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی۔ اس کے بعد ماہی گیروں کو قریبی گشت کرنے والے بھارتی کوسٹ گارڈ کے جہاز میں منتقل کر دیا گیا۔ بھارتی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پاکستانی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کی تعریف کی۔