ریاض: پاکستان کے نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر پہلی مرتبہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ایک ہفتے طویل سرکاری دورے پر ہیں جہاں اس دورے کا اختتام 10 جنوری کو ہوگا۔Pak army chief in Saudi Arabia
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے آج مدینہ منورہ کے علاقے العلا میں لگائے گئے موسم سرما کے کیمپ میں پاک آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ دونوں نے پاکستان سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور اسے بہتر بنانے کے طریقوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اور مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مسعد بن محمد الایبن کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
Pak General Visit to Saudi پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات
Pakistan New Army Chief نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی
جنرل عاصم منیر نے گزشتہ ہفتے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی تھی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے عسکری اور دفاعی تعاون کے ساتھ ساتھ اسے بہتر بنانے کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے حامل امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عسکری تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی جائے گی۔ (یو این آئی)