نئی دہلی: بھارت نے آپریشن کاویری کے تحت اب تک بھارتی بحری جہازوں اور فضائیہ کے طیاروں کے ذریعے جنگ زدہ سوڈان سے 534 بھارتی شہریوں کو نکال لیا ہے۔ 278 بھارتیوں کی پہلی کھیپ جدہ کے لیے روانہ ہوئی، جہاں آگے کے سفر کے لیے ایک ٹرانزٹ سہولت قائم کی گئی ہے۔ 121 اور 135 بھارتیوں کے دو اور کھیپ کو منگل کی شام آئی این ایس سمیدھا پر جدہ کے لیے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔ امور خارجہ کے وزیر مملکت وی مرلیدھرن جدہ میں ہیں، جہاں سوڈان میں پھنسے بھارتی شہریوں کو بحفاظت نکالنے کی نگرانی کے لیے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ فوج اور نیم فوجی دستوں کے درمیان لڑائی کے وقت سوڈان میں موجود 3000 سے زیادہ ہندوستانیوں کو نکالنے کے لیے مزید پروازیں چلائی جائیں گی۔
سوڈان میں دو متحارب فریقوں کی طرف سے منگل کو اعلان کردہ تین روزہ جنگ بندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، ہندوستان نے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے آپریشن کاویری شروع کیا ہے۔ سوڈانی مسلح افواج اور حریف ریپڈ سپورٹ فورسز کے رہنماؤں نے منگل سے شروع ہونے والی لڑائی روکنے پر اتفاق کیا ہے۔ آر ایس ایف کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ ’اس جنگ بندی کا مقصد انسانی ہمدردی کی راہ قائم کرنا ہے تاکہ شہریوں اور رہائشیوں کو ضروری وسائل، علاج معالجہ اور محفوظ علاقوں تک رسائی کی اجازت دی جائے جبکہ سفارتی مشنز کا بھی انخلا کیا جائے۔ واضح رہے کہ سوڈان میں ہوئے تشدد کے دوران 400 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Operation Kaveri سوڈان میں پھنسے 278 بھارتیوں کا پہلا قافلہ آپریشن کاویری کے تحت جدہ پہنچا
یو این آئی