قاہرہ: عرب لیگ کے وزرائے خارجہ بدھ کو غزہ کی پٹی کے خلاف اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے والے ہیں۔ عرب لیگ نے اعلان کیا ہے کہ عرب وزرائے خارجہ بدھ کو ایک ہنگامی اجلاس منعقد کریں گے جس میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جاری تنازع کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی شنہوا نے عرب لیگ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیر معمولی اجلاس فلسطینیوں کی درخواست پر اور وزارتی سطح پر عرب لیگ کونسل کے موجودہ سربراہ مراکش کی صدارت میں منعقد ہوگا۔
عرب لیگ کونسل کے مطابق، اجلاس کے شرکاء تنازعات سے نمٹنے کے لیے عرب اور بین الاقوامی سطح پر سیاسی کارروائی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ عرب لیگ ایک عرب اکثریتی ریاستوں کی تنظیم ہے جس کا صدر دفتر مصر کے دار الحکومت قاہرہ میں ہے۔ لیگ کے میثاق کے مطابق رکن ریاستیں اقتصادی معاملات بشمول تجارتی تعلقات، مواصلات، ثقافتی معاملات، قومیت، پاسپورٹ اور ویزا، معاشرتی اور صحت کے معاملات میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گی۔ عرب لیگ کے میثاق کے مطابق تمام رکن ریاستیں ایک دوسرے کے خلاف جارحیت کا ارتکاب بھی نہیں کرسکتیں۔ عرب لیگ کا قیام 22 مارچ 1945ء کو اسکندریہ میں عمل میں آیا تھا۔
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس نے ہفتے کے روز غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر اچانک حملہ کردیا جس کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہوگئی اور اب تک جنگ میں 1600 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس میں نو سو اسرائیلی اور 140 بچوں سمیت سات سو فلسطینی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: