اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کی درخواست پر مبینہ طور پر فرقہ وارایت، ملک دشمنی، دہشت گردی اور ملک مخالف سرگرمیوں کو فروغ دینے والے 100 سے زیادہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ یہ اطلاع بدھ کو دیتے ہوئے پولیس حکام نے بتایا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ذریعے فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب پر اب تک 106 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ افسران نے بتایا کہ یہ قدم دارالحکومت اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے پرویژنل وائلنٹ ایکسٹریمزم یونٹ (پی وی ای) کے نتیجے میں اٹھایا گیا ہے۔
عہدیداروں نے کہا کہ ’’پی وی ای فرقہ پرستی، ملک دشمنی، دہشت گردی اور اسلام مخالف سمیت مختلف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نگرانی کر رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ پی وی ای نے 203 اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کی سفارش کی تھی - 164 ٹویٹر، 38 فیس بک اور ایک یوٹیوب، جن میں سے اب تک 106 کو بلاک کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ اس سلسلے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے اسکرین شاٹس اور تفصیلات کے ساتھ ہر اکاؤنٹ کو بندکرنے کے لیے انسداد دہشت گردی محکمہ کی جانب سے ایف آئی اے کو الگ الگ درخواستیں ارسال کی گئی تھیں۔ وہیں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملک مخالف سرگرمیوں کی آڑ میں پاکستانی اشٹیبلشمنٹ اور حکومت سیاسی حریفوں کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Imran Khan on Governance فوج کا ملکی حکمرانی سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے، عمران خان
یو این آئی