واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن آئندہ ماہ سعودی عرب اور اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ خلیج ٹائمز نے پیر کے روز اپنی رپورٹ میں یہ اطلاع دی۔ بائیڈن کے دورے کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ وائٹ ہاؤس میں اس ہفتے صدر کے دورے کے تعلق سے اعلان کیا جائے گا۔ Biden to travel to Saudi Arabia
صدر بائیڈن کا دورہ جولائی کے وسط میں ہونے کا اندازہ لگایا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اس دوران وہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے بائیڈن کے اسرائیل اور سعودی عرب کے دورے کے منصوبے کی تصدیق کی۔ واضح رہے کہ امریکی صدر کے دورے کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانا ہوگا۔ (یو این آئی)