دمشق: فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران شام کی سرزمین سے مقبوضہ گولان کے پہاڑوں پر راکٹ فائر کئے گئے جس کے جواب میں اسرائیل نے شام میں بمباری کی تھی۔ اب اسرائیل نے انکشاف کیا ہے کہ اس بمباری میں ایک فوجی کمپلیکس اور ریڈار کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ اس نے شامی فوج کے ایک فوجی کمپاؤنڈ، فوجی ریڈار سسٹم اور شامی افواج کے زیر استعمال توپ خانے پر بمباری کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے شامی حکومت کو اپنی سرزمین پر ہونے والی تمام حرکات و سکنات کا ذمہ دار بھی ٹھہرایا۔
اس سے قبل آج شام کے دار الحکومت دمشق کے اطراف میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے گولان کی پہاڑیوں کی طرف میزائل فائر کرنے کے جواب میں شامی علاقوں پر بمباری شروع کر دی ہے۔ صہیونی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ دو میزائل گولان میں ایک خالی زمین میں گرے اور فضائی دفاعی نظام نے کم از کم ایک میزائل کو روک دیا۔ اسرائیلی فوج نے وضاحت کی کہ توپ خانے نے اس شامی علاقے پر بمباری کی ہے جہاں سے میزائل داغے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
خیال رہے یہ پیش رفت اس وقت ہوئی جب دو روز قبل لبنان سے شمال میں اسرائیلی بستیوں پر راکٹ فائر کیے گئے تھے۔ کسی فریق نے ان راکٹوں کو فائر کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی، تاہم اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان راکٹوں کو داغے جانے کے پیچھے فلسطینی تنظیم حماس ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد اسرائیل نے جواب میں جنوبی لبنان اور غزہ کی پٹی پر حملے شروع کردئیے تھے۔ (یو این آئی)