غزہ: اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹیرس نے بدھ کے روز سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی تباہی کو روکنے کے لئے کارروائی کرے۔ گٹیرس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے یہ معلومات دی۔ گوٹیریس نے 2017 میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بننے کے بعد پہلی بار اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کو نافذ کرتے ہوئے غزہ میں کارروائی کرنے کے لیے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا۔ ترجمان دوجارک نے کہا کہ اتنے کم وقت میں غزہ اور اسرائیل میں انسانی جانوں کے نقصان کے پیمانے کو دیکھتے ہوئے گوٹیریس نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 کو نافذ کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ کی طرف سے فراہم کردہ اس خط میں گوٹیرس نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کی اپیل کی۔
گوٹیریس نے بدھ کے روز کہا کہ "غزہ میں انسانی ہمدردی کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔ میں سکیورٹی کونسل پر زور دیتا ہوں کہ وہ انسانی تباہی کو روکنے میں مدد کرے اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کی اپیل کرے۔" اگر سلامتی کونسل گٹیرس کے مشورے پر عمل کرنے کا انتخاب کرتی ہے تو اس کے پاس مزید اختیارات موجود ہیں۔
- آرٹیکل 99 کیا ہے؟
اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 99 میں کہا گیا ہے کہ "سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل کی توجہ کسی بھی ایسے معاملے پر دلا سکتے ہیں جو ان کی رائے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔" اقوام متحدہ کے موجودہ سربراہ گٹیرس اپنے اختیارات میں موجود اس آخری ہتھیار یعنی آرٹیکل 99 کو پہلی بار استعمال کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی توجہ غزہ جنگ کی جانب دلانے اور جنگ بندی کرانے کی کوشش کی ہے۔
- 'امداد میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنا جنگی جرم'
بین الاقوامی فوجداری عدالت کے چیف پراسیکیوٹر نے غزہ کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی امداد میں 'جان بوجھ کر رکاوٹ' ڈالنا جنگی جرم کے زمرے میں آسکتا ہے۔ کریم خان نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ "میں نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ میں فوری طور پر اور بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی اجازت دی جائے"۔ انہوں نے کہا، "میں واضح الفاظ میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ جان بوجھ کر امدادی سامان میں رکاوٹیں ڈالنا آئی سی سی روم اسٹیٹس کے تحت جنگی جرم قرار دیا سکتا ہے۔"
- ارددن نے ایک بار پھر امداد ایئر ڈراپ کیا
اسی درمیان اردن نے ایک بار پھر غزہ میں قائم اپنے فیلڈ اسپتال کے لیے فضائیہ کی مدد سے امدادی سامان ایئر ڈراب کیا ہے۔ اردنی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ کے خان یونس میں اردن کے ایک نجی فیلڈ ہسپتال میں "فوری طبی امداد" کو چوتھی بار کامیابی سے پیراشوٹ کی مدد سے ایئر ڈراپ کیا گیا۔ اردن رائل ایئر فورس کے ایک طیارے نے ہسپتال کو کام جاری رکھنے میں مدد کے لیے "طبی اور علاج معالجے پر مشتمل باکس" اتارے۔
- امریکی سینیٹ نے اسرائیل کیلئے امدادی پیکج کو روک دیا
وائٹ ہاؤس یوکرین اور دیگر خارجہ امور کے لیے 106 بلین ڈالر کی فنڈنگ کے ساتھ اسرائیل کے میزائل دفاعی نظام کے لیے 14 بلین ڈالر کے اضافی امدادی پیکج کی تجویز پیش کی تھی جسے امریکی سینیٹ نے روک دیا۔ سینیٹ کے تمام ریپبلکنز نے وائٹ ہاؤس کے اس اقدام کے خلاف ووٹ دیتے ہوئے سرحدی حفاظتی دفعات میں تبدیلی کا مطالبہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ سینئر امریکی رہنما برنی سینڈرز نے بھی اس بل کے خلاف ووٹ دیا۔ انہوں نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا کہ وہ "انتہا پسند نیتن یاہو حکومت" کو مزید فنڈ فراہم کرنے کی مخالفت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ میں انسانی حقوق کے حامیوں کا بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ وہ اسرائیل کے لیے امریکی امداد اور فنڈنگ کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی زیادتیوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے معاملے میں معاونت سے مشروط کرے۔