اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو کل تک پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے کہا عمران خان کل تک پیش نہیں ہوتے تو ضمانت خارج ہوجائے گی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ ہمارے2 کیسزسنگل اور باقی ڈویژن بینچ میں لگے ہیں، جو ایک کیس یہاں ہے اسی طرح کا ایک کیس لاہور ہائی کورٹ میں بھی زیرسماعت ہے، میرا مؤکل لاہورہائیکورٹ میں بھی پیش ہوئے،یہاں بھی پیش ہونا چاہتے تھے لیکن گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں پیشی پرعمران خان کی ٹانگ میں مسئلہ آگیا ہے۔جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ کے موکل ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے، آپ کا موکل ضمانت ملنے کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، تو ہم کیا کریں ؟
اے آر وائی نیوز کے مطابق وکیل کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز لاہورہائیکورٹ میں بھی میں نے شامل تفتیش ہونےکا بیان حلفی جمع کرایا اور عمران خان کی طرف سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی رپورٹ پرائیویٹ اسپتال کی ہے، آپ سرکاری اسپتال سے کیوں میڈیکل نہیں کراتے؟ جس پر وکیل سلمان صفدر نے جواب دیا کہ شروع دن سے میرا موکل شوکت خانم اسپتال سے علاج کرارہا ہے ،ہم سرکاری اسپتال سے بھی میڈیکل کرانے کو تیار ہیں۔
سلمان صفدر نے کہا کہ درخواست گزار 5 دن پہلے آپکی عدالت پیش ہوئے ہیں، ہم عدالت میں آنے سے کتراتے نہیں،پیشی کی یقین دہانی کراتے ہیں، جس پرجسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آپ کی یقین دہانی سے کچھ نہیں ہوتاکیونکہ آپ کو گرفتار نہیں کرتے، کل کو کوئی بھی بندہ آکر کہیں گےتھریٹس ہیں، ٹانگ میں زخم ہیں۔وکیل نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ 150کے قریب مقدمات کسی کے خلاف پہلی بار ہوئے، عدالت نے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ آپ کے پاس متعلقہ عدالت کا فورم موجودہے،وہاں جائیں۔عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ آج ہم صرف طبی بنیادوں پر درخواست کررہے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ ہم کیا کریں ؟ کیا ہم اپنے کہیں ہوئے الفاظ کو واپس لیں۔ایڈووکیٹ جنرل نے عمران خان کی ضمانت میں توسیع کی مخالفت کردی ، جس پر عدالت نے عمران خان کو کل تک پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف اداروں کیخلاف بیانات کے کیس کی سماعت کی ، چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواستوں پر سماعت کی۔وکیل نے یقین دہانی کرائی عمران خان کو کل ایمبولینس میں بھی پیش ہونا پڑا تو ضرور آئیں گے، دوکیسز الگ ہیں، ان کی کچہری منتقلی کےبعدمتعلقہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہونگے۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جس دن سورج اچھی طرح نکلاہو گا، چڑیاں چہچہارہی ہوں گی توپیش ہوجائیں گے؟ عمران خان کل تک پیش نہیں ہوتے تو ضمانت خارج ہوجائے گی۔ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم نےآج بھی سیکورٹی انتظامات کرائے تھے اور کل پھر کریں گے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب وہ لاہور سے نہیں نکلےتو آپ انتظامات ہی نہ کرتے۔عمران خان کی ڈویژن بینچ میں زیر سماعت7 مقدمات اور اداروں کیخلاف بیانات کےکیس میں عبوری ضمانت میں کل تک توسیع کردی اور کل تک پیش ہونے کی مہلت دے دی۔
یو این آئی