میلبورن: ایک 41 سالہ بھارتی نژاد سکھ امر سنگھ، جن کو اپنی داڑھی اور پگڑی کی وجہ سے نسلی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا تھا، کو تین دیگر افراد کے ساتھ 2023 کے نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلین آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔ نیو ساؤتھ ویلز کی حکومت نے 3 نومبر کو 'مقامی ہیرو' کے زمرے میں یہ اعلان کیا۔ قومی ایوارڈ نے آسٹریلیا کی قوم کی خدمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کمیونٹی ممبران کی کامیابیوں کو سراہا۔ Indian origin Sikh Amar Singh
بھارتی نژاد سکھ امر سنگھ کو سیلاب، جنگلات کی آگ، خشک سالی اور کوویڈ وبائی امراض جیسی آفات سے متاثرہ کمیونٹی کی مدد کرنے پر نیو ساؤتھ ویلز آسٹریلین آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ امر سنگھ 'ٹربنز فور آسٹریلیا 'Turbans 4 Australia' کے بانی اور صدر ہیں۔ یہ ایک خیراتی تنظیم ہے جو مالی مشکلات، خوراک کی عدم تحفظ، بے گھر اور قدرتی آفات سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرتی ہے۔
ٹربنز فور آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے ٹویٹ کیا، "ہمارے صدر اور بانی کو اس ہفتے نیو ساؤتھ ویلز کا مقامی ہیرو نامزد کیا گیا ہے۔ ہمیں آپ پر فخر ہے۔ امر سنگھ کو 2015 میں اپنی سکھ پگڑی اور داڑھی کی وجہ سے نسلی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا تھا اس کے بعد انہوں نے خیراتی ادارے کی بنیاد رکھی۔ امر سنگھ نے کہا، ایک ساتھی نے مجھے ایک دفعہ کہا تھا کہ میں دہشت گرد جیسا دکھ رہا ہوں۔ میری روزمرہ کی زندگی کے دوران، سڑک پر موجود اجنبیوں نے مجھ سے کئی دفعہ پوچھا کہ کیا میں بم لے کر جا رہا ہوں، یا میں نے اپنی پگڑی کے نیچے کیا چھپا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں چاہتا تھا کہ آسٹریلوی سکھوں کو ان افراد کے طور پر دیکھا جائے جن پر لوگ بھروسہ کر سکیں اور ضرورت کے وقت ان کی طرف رجوع کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Sikh Prayer Books to UK Military برطانیہ میں سکھ فوجیوں کو سو سال بعد مذہبی کتابیں فراہم کی گئیں
US Midterm Elections پہلی بھارتی نژاد سکھ خاتون کیلیفورنیا اسمبلی کے لیے منتخب
سنگھ نے مزید کہا کہ انہیں چھوٹی عمر سے ہی کمیونٹی سروس کا بہت شوق تھا۔ ہر ہفتے، سنگھ اور ان کی تنظیم مغربی سڈنی میں غذائی عدم تحفظ کے شکار لوگوں میں خوراک اور گروسری ہیمپرس تقسیم کرتی ہے۔ انہوں نے خشک سالی کا سامنا کرنے والے کسانوں کی مدد کی۔ لزمور میں سیلاب متاثرین اور جنوبی ساحل پر جنگل کی آگ سے متاثر ہونے والوں کو ضروری سامان پہنچایا۔ کوویڈ لاک ڈاؤن کے دوران الگ تھلگ اور کمزور لوگوں کے لیے کھانے کا انتظام کیا۔ سنگھ کو 2021 میں ممبر آف دی آرڈر آف لیورپول کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ سنگھ نے سڈنی 2000 کے اولمپک گیمز، انویکٹس گیمز اور گولڈ کوسٹ کامن ویلتھ گیمز کے دوران رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔
آسٹریلین آف دی ایئر ایوارڈز 1960 میں اپنے قیام کے بعد سے انتہائی معزز آسٹریلوی باشندوں کے ایک غیر معمولی گروپ کو اعزاز دیتے ہیں، جو قومی اہمیت کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں۔ ان کو یہ ایوارڈ 25 جنوری 2023 کو کینبرا میں ہونے والی قومی ایوارڈ تقریب میں دیا جائے گا۔