میکسیکو سٹی: میکسیکو کی گواناخواتو ریاست کے لا پالما سویمنگ ریزورٹ پر کم از کم 20 بندوق برداروں نے حملہ کرکے سات افراد کو ہلاک کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملہ ہفتہ کو کورٹزار میونسپلٹی میں ہوا۔ یونیورسل اخبار نے کہا کہ کم از کم 20 حملہ آوروں نے اسالٹ رائفلوں سے اس علاقے میں لوگوں پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں کم از کم سات افراد (تین خواتین، تین مرد اور ایک بچہ) ہلاک ہوگئے۔ مبینہ طور پر مسلح افراد فرار ہونے سے پہلے ریزورٹ سے کچھ سیکیورٹی کیمرے اپنے ساتھ لے گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ سویمنگ پارک میں بہت سے لوگ چھٹیاں منانے آئے تھے تو مسلح حملہ آور پارک میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی۔گولیوں کی گونج سے پارک میں کہرام مچ گیا اور لوگوں نے شور مچانا شروع کر دیا۔ پارک میں موجود عینی شاہدین نے حکام کو بتایا کہ مسلح افراد پول میں پہنچے اور فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے جاتے وقت سی سی ٹی وی کیمروں اور ایک مانیٹر کو نقصان پہنچایا۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام تقریباً 4.30 بجے بتایا جا رہا ہے۔ میکسیکو میں پبلک سوئمنگ پول میں فائرنگ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سوئم سوٹ پہنے ہوئے لوگ چیخ رہے ہیں اور اپنے بچوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
میڈیا رپورٹس میں میکسیکو کی حکومت کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ حملے کے بعد جب مقامی سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچی تو انہیں موقع پر سات لاشیں اور گولیوں کے کھوکھے برآمد ہوئے۔ حکومت نے میکسیکو کی فوج اور سکیورٹی فورسز کو جائے وقوعہ پر تعینات کر دیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش تیز کردی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حملے میں سات لوگوں کی موت کے علاوہ ایک شخص شدید زخمی ہوا ہے، اسے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس معاملے میں میکسیکو کی سکیورٹی فورسز نے ابھی تک ایک بھی گرفتاری نہیں کی ہے، وہ ابھی تک حملے کے پیچھے محرکات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔