روم: اٹلی کے ایمیلیا-روماگنا علاقے میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے اور کئی لوگ اب بھی لاپتہ ہیں، ان علاقوں میں حالانکہ موسلادھار بارش میں کمی آئی تاہم بیشتر علاقے زیر آب ہیں۔ جمعرات کو مقامی میڈیا میں دکھائے گئے ویڈیو فوٹیج میں سنت اگاتا سل سانٹرنو کمیون میں سڑکوں اور ساحل سمندر کے شہر ریوینا کے کچھ حصے سیلابی پانی میں ڈوبے نظر آئے۔ اٹلی کے شمالی وسطی علاقے (جس میں بولوگنا اور موڈینا کے شہر شامل ہیں) میں منگل اور بدھ کو شدید بارش ہوئی، جس سے ان علاقوں میں اچانک سیلاب آ گیا۔ امدادی کارکنوں نے اونچی عمارتوں کی چھتوں اور بالائی منزلوں سے لوگوں کو نکالنے میں مدد کی۔
محکمہ شہری تحفظ کے مطابق جمعرات کو بھی ایمیلیا رومگنا کا زیادہ تر حصہ "ریڈ الرٹ" زون میں رہا۔ وہیں، شمال میں لومبارڈی سے لے کرجنوب میں بیسلکاٹا تک- "اورنج" یا "یلو الرٹ" کا اعلان ہے۔ شمالی وسطی اٹلی کے بیشتر حصوں میں ہفتے کی آدھی رات تک موسم کی شدید وارننگ جاری ہے۔ محکمہ نے جمعرات کی سہ پہر کو بتایا کہ 280 سے زیادہ لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع ملی ہے، 200 سڑکیں بند ہوگئی ہیں اور 23 ندیوں میں طغیانی ہے۔ خبروں کے مطابق 10 ہزار سے زائد لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا ہے۔ ہزاروں لوگ بجلی سے محروم ہیں۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ تقریباً 700 تکنیکی ماہرین کو علاقے میں بجلی کی بحالی میں مدد کے لیے بھیجا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Rwanda Floods روانڈا میں سیلاب سے نو ہزار سے زائد افراد بے گھر
اے این ایس اے خبر رساں ایجنسی کے مطابق، ماحولیات اور توانائی کے تحفظ کے وزیر گلبرٹو پچیٹو فراتین نے جمعرات کو کہا کہ حکومت یورپی کمیشن سے خطے میں امداد اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کے لیے یورپی یونین یکجہتی فنڈ سے رقم فراہم کرنے کے لئے کہے گی۔ وہیں اطالوی حکومت نے سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر آئندہ منگل کو کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ توقع ہے کہ اس میٹنگ میں ایمیلیا روماگنا میں ہنگامی حالت کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ ہنگامی حالت کی صورت حکومتی فنڈنگ کو ان لاک کرے گی اور مقامی حکام کو ہنگامی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے اضافی اختیارات دے گی۔
یو این آئی