مشی گن: امریکہ میں پہلی دفعہ ایک بلدیہ نے عید الفطر کی سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ریاست مشی گن کے شہر ڈیئر بورن کے مسلمان عید الفطر کے پہلے دن سرکاری چھُٹی کریں گے۔ ڈیئر بورن بلدیہ کے میئر عبداللہ حمود نے مقامی ذرائع ابلاغ کے لئے انٹرویو میں کہا ہے کہ پہلی دفعہ کوئی بلدیہ عید الفطر کے لئے چھُٹی کا اعلان کر رہی ہے اور اس طرح آپ کے اعتقادات بھی دوسروں کی طرح سرکاری سطح پر تسلیم کر لئے گئے ہیں۔ میرے خیال میں یہ نہایت اہم پیش رفت ہے۔ پہلی دفعہ اس شہر میں پیدا ہونے اور یہیں پلنے بڑھنے والے مسلمان خود کو اس شہر کا حصّہ محسوس کر رہے ہیں۔'
اس فیصلے کے ساتھ امریکہ میں پہلی دفعہ کسی بلدیہ کے تمام ملازمین عید الفطر کے پہلے دن سرکاری تعطیل کر سکیں گے۔ 21 اپریل بروز جمعہ کو شہر کی بلدیہ عمارتیں، عدالتیں اور کتب خانے جیسے سرکاری ادارے بھی بند ہوں گے۔ علاوہ ازیں ڈیئر بورن بلدیہ کے تعاون سے عید کے دوسرے دن شہر میں بلا اجرت فیسٹیول کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔واضح رہے کہ عبداللہ حمود لبنان الاصل مسلمان ہیں اور 2021 میں ڈیئر بورن کے بلدیہ میئر منتخب ہوئے۔ ڈیئر بورن بھاری مسلمان آبادی کے ساتھ امریکہ کے مسلمان آبادی والے شہروں میں سرفہرست ہے۔شہر میں ایک لاکھ 10 ہزار کے لگ بھگ عرب الاصل مسلمان آباد ہیں۔ امریکہ کے بھاری مسلمان آبادی والے نیویارک اور نیو جرسی جیسے شہروں میں بھی عید الفطر کے موقع پر اسکولوں میں چھٹی کی جاتی ہے۔ کچھ عرصے سے نیویارک میں اقوام متحدہ کا مرکزی دفتر بھی عید الفطر کے موقع پر بند رہتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رویت ہلال کے معاملے میں سائنٹفک طریقہ اپنانے کی ضرورت
یو این آئی