فن لینڈ نے گیس درآمدات کرنے کے لیے روبل میں ادائیگی کرنے کی روس کی شرطوں کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ معلومات فن لینڈ کے وزیر برائے یورپی امور اور ملکیتی آپریشن ٹیٹی ٹوپورینن نے دی۔ فن لینڈ کے اخبار ہیلسنگن سنومات نے اپنی رپورٹ میں ٹوپورینن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا "ہم نے حکومت کی اقتصادی پالیسی کمیٹی میں یہ فیصلہ کیا ہے کہ فن لینڈ روبل کی ادائیگی سے اتفاق نہیں کرے گا۔ یہ فیصلہ اپریل کے اوائل میں کیا گیا تھا"۔
قابل ذکر ہے کہ روسی گیس کمپنی گیزپروم کا فن لینڈ کی سرکاری کمپنی گیسوم کے ساتھ ایک فعال معاہدہ ہے۔ اپریل کے اوائل میں، گیزپروم نے گیسوم کو ایک خط بھیجا، جس میں کمپنی کو اپنے معاہدے کی نئی شرائط، یعنی روسی قومی کرنسی میں گیس کی ادائیگی کی فراہمی کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا۔ گیسوم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میکا ولجانین نے اخبار کو بتایا کہ گیسوم فی الحال خط کی قانونی جانچ پر کام کر رہا ہے اور اس کے جواب پر غور کر رہا ہے، جس کا اعلان مئی میں متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Russia Cut off Gas to Poland and Bulgaria: روس نے پولینڈ اور بلغاریہ کے لیے قدرتی گیس کی سپلائی بند کی
واضح رہے کہ روس نے بدھ سے پولینڈ اور بلغاریہ کو قدرتی گیس کی سپلائی بند کر دی ہے۔ روس نے یہ اقدام اس وقت اٹھایا جب دونوں ممالک نے قدرتی گیس کے لیے روبل کی ادائیگی سے انکار کر دیا تھا۔