بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے 28 مارچ کو سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے فون پر بات چیت کی۔ اس دوران شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور سعودی عرب کے تعلقات اس وقت تاریخ کے بہترین اور سنہری دور سے گزر رہے ہیں۔ چین اور سعودی عرب باہمی دلچسپی کے امور پر ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینے اور عملی تعاون اور عوام سے عوام کے تبادلے کو وسعت دینے کے لیے تیار ہیں، تاکہ چین سعودی عرب ہمہ جہت اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
چینی صدر نے یہ بھی کہا کہ چین نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین-عرب برادری کی تعمیر کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا اور مشرق وسطیٰ کے خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ تعاون کرے گا۔ شی نے کہا کہ چین، سعودی عرب اور ایران کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں حال ہی میں سعودی عرب ایران بیجنگ ڈائیلاگ کا کامیاب انعقاد ہوا۔ امید ہے کہ سعودی عرب اور ایران بیجنگ ڈائیلاگ کی کامیابیوں کی بنیاد پر تعلقات کو بہتر بناتے رہیں گے اور چین بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
ولی عہد شہزادہ محمد نے کہا کہ سعودی عرب، ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے چین کی حمایت پر شکریہ ادا کرتا ہے، جس نے ایک ذمہ دار بڑے ملک کے طور پر چین کے کردار کو ظاہر کیا۔ ولی عہد نے مزید کہا کہ سعودی عرب تعاون کے ایک نئے باب کا اضافہ کرنے کے لیے چین کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنا چاہتا ہے۔