تائی پے: تائیوان کی وزارت دفاع نے اتوار کے روز کہا کہ اس نے خود مختار جزیرے کے نزدیک چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 58 طیاروں اور نو جہازوں کا پتہ لگایا ہے کیونکہ چین تائیوان کے ارد گرد اپنی فضائی اور بحری فوجی مشقیں دوسرے روز بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہفتے کے روز چین نے اعلان کیا کہ اس کی مسلح افواج 8 سے 10 اپریل تک تائیوان کے ارد گرد سمندری علاقے اور فضائی حدود میں فوجی مشقیں کریں گی۔ بیجنگ کے مطابق یہ مشقیں تائیوان کی آزادی کے حامیوں کے لیے ایک انتباہ کے ساتھ ساتھ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ایک اقدام ہیں۔
چین کی یہ فوجی مشق دراصل تائیوان کی صدر تسائی انگ وین کے امریکہ کے ٹرانزٹ دورے کے دوران لاس اینجلس میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کیون میک کارتھی اور دیگر قانون سازوں سے ملاقات کے چند دن بعد شروع کی گئی ہے۔ تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق رات 12 بجے تک 58 پی ایل اے طیاروں، جن میں لڑاکا طیارے جے-10، جے-11 اور جے-16، ایک ایچ-6 جیٹ بمبار اور ایک وائی-20 کارگو ہوائی جہاز شامل ہیں، کا اتوار کو مقامی وقت (04:00 GMT) تک پتہ چلا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ پتہ چلنے والے ہوائی جہازوں میں سے 31 نے آبنائے تائیوان کی نام نہاد میڈین لائن کو عبور کیا اور جزیرے کے فضائی دفاعی علاقے میں داخل ہوئے، اس نے مزید کہا کہ جزیرے کے ارد گرد نو چینی جنگی جہازوں کا بھی پتہ چلا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
تائیوان 1949 سے سرزمین چین سے آزادانہ طور پر حکومت کر رہا ہے۔ بیجنگ اس جزیرے کو اپنے صوبے کے طور پر دیکھتا ہے، جب کہ تائیوان اپنی منتخب حکومت کے ساتھ ایک علاقہ کے طورپر برقرار رکھتا ہے کہ یہ ایک خود مختار ملک ہے لیکن آزادی کا اعلان کرنے سے باز رہتا ہے۔ بیجنگ تائی پے کے ساتھ غیر ملکی ریاستوں کے کسی بھی سرکاری روابط کی مخالفت کرتا ہے اور جزیرے پر چینی خودمختاری کو غیرمتنازعہ سمجھتا ہے۔ (یو این آئی)