گلگت بلتستان: پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا گیا۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق گلگت بلتستان کی چیف کورٹ کے 3 ججز پر مشتمل ایک بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔ بینچ میں جسٹس ملک عنایت الرحمٰن، جسٹس جوہر علی اور جسٹس مشتاق شامل تھے۔ پیپلز پارٹی سے گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن غلام شہزاد آغا نے وزیراعلیٰ خالد خورشید خان کی قانون کی ڈگری چیلنج کرتے ہوئے آئین پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ان کی نااہلی کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ چند ماہ قبل 11 اپریل کو پاکستانی مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت کے الزام میں ہائی کورٹ نے مجرم قرار دیا تھا جس سے وہ حکمرانی کیلئے نااہل ہوگئے تھے اور پھر انھوں نے اس فیصلے کے خلاف خطے کی سپریم کورٹ میں اپیل کی تھی جہاں پر بھی ان کو راحت نہیں ملی اور ان کی اپیل خارج کردی گئی۔
پاکستانی مقبوضہ کشمیر کی اعلیٰ عدلیہ نے تنویر الیاس کو عوامی جلسوں میں اپنی تقریروں میں اعلیٰ عدلیہ کے حوالے سے تضحیک آمیز ریمارکس کی بنیاد پر قصوروار قرار دیتے ہوئے ناہل قرار دیا تھا۔ اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران الیاس تنویر نے بالواسطہ طور پر عدلیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدلیہ حکومت کے کام کو متاثر کر رہی ہے اور حکم امتناع کے ذریعے ایگزیکٹو کے اختیارات میں مداخلت کیے جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
گلگت بلتستان، جو پہلے شمالی علاقہ جات کے نام سے جانا جاتا تھا، ایک ایسا خطہ ہے جو پاکستان کے زیر انتظام ایک انتظامی علاقہ ہے اور یہ وسیع تر کشمیر کے شمالی حصے پر مشتمل ہے، جو کہ 1947 سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اور 1959 سے ہندوستان اور چین کے درمیان تنازعہ کا شکار رہا ہے۔ اس کی سرحدیں جنوب میں پاکستان کے زیر انتطام کشمیر، مغرب میں صوبہ خیبر پختونخوا، شمال میں افغانستان کے واخان کوریڈور، مشرق اور شمال مشرق میں چین کے سنکیانگ خطے اور جنوب مشرق کی طرف سے جموں و کشمیر اور لداخ کے ہندوستان کے زیر انتظام یونین کے علاقوں سے ملتی ہیں۔