ٹورنٹو: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ 18 سال کی شادی کے بعد علیحدگی اختیار کر رہے ہیں۔ دونوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرکے کے اس کی اطلاع دی۔ اپنے پوسٹ میں انھوں نے کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ معنی خیز گفتگو کے بعد کیا ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں نے قانونی معاہدے پر دستخط بھی کر دیے ہیں اور دونوں نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی باہمی تعاون کے ماحول میں پرورش کرنے کے لیے خاندان کے قریبی فرد کی طرح رہیں گے۔ ان کی شادی 2005 میں ہوئی تھی۔ جسٹن ٹروڈو کے تین بچے جیویئر (15)، ایلا گریس (14) اور ہیڈرین (9) ہیں۔
کینیڈا کے معروف سیاستدانوں میں سے ایک 51 سالہ جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور ان کی اہلیہ صوفی ٹروڈو سابق ماڈل اور ٹی وی میزبان (اینکر) ہیں۔ ان کی علیحدگی کے معاملے سے واقف ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دونوں کو بچوں کی مشترکہ تحویل میں ملنے کی امید ہے۔ وہ اوٹاوا کے رائیڈو کاٹیج میں رہیں گے، جہاں وہ 2015 سے رہائش پذیر ہیں۔ صوفی سرکاری دوروں پر شاذ و نادر ہی وزیر اعظم کے ساتھ جاتی ہیں، دونوں کو آخری مرتبہ گزشتہ ماہ اوٹاوا میں کینیڈا ڈے کی تقریب میں عوامی طور پر ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
جسٹن ٹروڈو کے دفتر نے ایک بیان میں درخواست کی ہے کہ ان کی رازداری کا احترام کیا جائے۔ قابل ذکر ہے کہ ٹروڈو دوسرے وزیر اعظم ہیں جنہوں نے اپنے عہدے پر رہتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ان کے والد پیئر ٹروڈو اور والدہ مارگریٹ ٹروڈو سال 1979 میں الگ ہوگئے تھے۔