لاگوس: نائیجیریا کی لاگوس ریاست میں اتوار کو ایک مسافر بس کے ٹرک سے ٹکراجانے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ لاگوس اسٹیٹ ٹریفک مینجمنٹ اتھارٹی (ایل اے ایس ٹی ایم اے) نے یہ اطلاع دی ہے۔ ایل اے ایس ٹی ایم اےکے ترجمان توفیق ادیبایو نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئےکہا کہ بس لاگوس-بڈاگری ایکسپریس وے کے ساتھ مووو قصبے کے قریب ریت سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے وقت بس میں 20 افراد سوار تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ ریت سے بھرے ٹپر ٹرک کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کے دوران بس ڈرائیور نے گاڑی پر سے کنٹرول کھو دیا اوربس، ٹرک سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور اور موٹر بوائے اور 18 مسافر وں سمیت 20 افراد کی موت ہوگئی۔ ٹرک ڈرائیور محفوظ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہلاک شدگان کی لاشیں مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاڑی چلانے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جلدی اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے سے گریز کریں تاکہ کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ مارچ 2023 میں نائیجیریا کے لاگوس میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا تھا جب ٹرین ایک مسافر بس سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں چھ افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ اس حادثے میں تقریبا 84 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: MEXICO BUS CRASH جنوبی میکسیکو میں بس کھائی میں گرنے سے 27 افراد ہلاک
یو این آئی